سر ہے خم ہاتھ میرا اٹھاہے یا خدا تجھ سے میرے دعاہے

سر ہے خَم ہاتھ میرا اُٹھا ہے یاخدا تجھ سے میری دُعا ہے

فَضْل کی رَحْم کی التجا ہے یاخدا تجھ سے میری دُعا ہے

تیرا اِنْعام ہے یاالٰہی کیسا اِکْرام ہے یاالٰہی

ہاتھ میں دامنِ مصطفےٰ ہے یاخدا تجھ سے میری دُعا ہے

عشق دے سوز دے چشمِ نم دے مجھ کو میٹھے مدینے کا غم دے

واسِطہ گنبدِ سبز کا ہے یاخدا تجھ سے میری دُعا ہے

ہوں بظاہر بڑا نیک صورت کربھی دے مجھ کو اب نیک سیرت

ظاہِر اچھا ہے باطِن بُرا ہے یاخدا تجھ سے میری دُعا ہے

میرے مُرشِد جو غوثُ الْوَرا ہیں شاہ احمد رضا رہنما ہیں

یہ تِرا لُطف تیری عطا ہے یاخدا تجھ سے میری دعا ہے

یاخدا ایسے اسباب پاؤں کاش مکے مدینے میں جاؤں

مجھ کو ارمان حج کا بڑا ہے یاخدا تجھ سے میری دعا ہے

یاالٰہی کر ایسی عنایت دیدے ایمان پر استقامت

تجھ سے عطّاؔر کی التجا ہے یاخدا تجھ سے میری دعا ہے


Warning: Use of undefined constant php - assumed 'php' (this will throw an Error in a future version of PHP) in /home/kalamdb/public_html/wp-content/themes/bulletin/urdu-single.php on line 46