جو تِرا طِفل ہے کامل ہے یا غوث طفیلی کا لقب واصل ہے یا غوث
تصوف تیرے مکتب کا سبق ہے تصرّف پر ترا عامل ہے یا غوث
تِری سَیِرالی اللہ ہی ہے فی اللہ کہ گھر سے چلتے ہی موصل ہے یا غوث
تو نورِ اوّل و آخِر ہے مَولیٰ تو خیر عاجل و آجل ہے یا غوث
ملک کے کچھ بشر کچھ جن کے ہیں پیر تو شیخ عالی و سافل ہے یا غوث
کتابِ ہر دل آثار تعرّف ترے دفتر ہی سے ناقل ہے یا غوث
فتوح الغیب اگر روشن نہ فرمائے فتوحات و فصوص آفل ہے یا غوث
تِرا منسوب ہے مَرفوع اس جا اضافت رَفع کی عامل ہے یا غوث
ترے کامی مشقت سے بَری ہیں کہ بَر تر نصب سے فاعل ہے یا غوث
ھدً سے احمد اور احمد سے تجھ کو کن اور سب کن مکن حاصل ہے یا غوث
تری عزّت ، تری رفعت تِرا فضل بفضلہ افضل و فاضل ہے یا غوث
ترے جلوے کے آگے منطقہ سے مہ و خور پر خط باطل ہے یا غوث
سیاہی مائل اس کی چاندنی آئی قمر کا یوں فلک مائل ہے یاغوث
طلائے مہر ہے ٹکسال باہر کہ خارج مرکز حامل ہے یا غوث
تو برزخ ہے برنگ نونِ منّت دو جانب متصلِ واصل ہے یا غوث
نبی سے آخذ اور امّت پہ فائِض ادھر قابل ادھر فاعل ہے یاغوث
نتیجہ حدّ اوسط گر کے دے اور یہاں جب تک کہ تو شامل ہے یا غوث
اَلَا طُوْبٰی لَکُم ْ ہے وہ کہ جن کا شبانہ روز ور د دل ہے یا غوث
عجم کیسا عرب حل کیا حَرم میں جمی ہر جا تِری محفل ہے یا غوث
ہے شرحِ اسمِ اَلْقَادِر ترا نام یہ شرح اس مَتن کی حامل ہے یا غوث
جبینِ جبَہ فرسائی کا ضدل تِری دیوار کی کھ گل ہے یاغوث
بجا لایا وہ امرِ سَارِعُوْا کو تِری جانب جو مستعجل ہے یا غوث
تصرّف والے سب مظھر ہیں تیرے تو ہی اس پر دے میں فاعل ہے یا غوث
رضا کے کام اور رُک جائیں حاشا
تِرا سائل ہے تو باذل ہے یاغوث