یا رسول اللہ ﷺ آکر دیکھ لو
یا مدینے میں بلا کر دیکھ لو
سینکڑوں کے دل منور کر دیے
اِس طرف بھی آنکھ اٹھا کر دیکھ لو
وہ کبھی انکار کرتے ہی نہیں
بے نواؤ! آزما کر دیکھ لو
چاہے جو مانگو عطافرمائیں گے
نامُرادو! ہاتھ اٹھا کر دیکھ لو
سیر ِجنّت دیکھنا چاہو اگر
روضۂ انور پہ آکر دیکھ لو
دو جہاں کی سرفرازی ہو نصیب
اُن کے آگے سر جھکا کر دیکھ لو
اُن کی رِفعت کا پتہ ملتا نہیں
مِہرو مَہ چکر لگا کر دیکھ لو
اِس جمیؔل قادری کو بھی حضور
اپنے در کا سگ بنا کر دیکھ لو