یارب محمد صلٰی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میری تقدیر جگا دے

یارب محمد ﷺ! میری تقدیر جگا دے
صحرائے مدینہ مجھے آنکھوں سے دکھا دے

پیچھا مرا دُنیا کی محبت سے چھڑادے
یا رب ! مجھے دیوانہ مدینے کا بنا دے

روتا ہوا جس دم میں درِ یار پہ پہنچوں
اُس وقت مجھے جلوۂ محبوب دِکھادے

دل عشقِ محمد ﷺ میں تڑپتا رہے ہر دم
سینے کو مدینہ میرے اللہ بنا دے

بہتی رہے ہر وقت جو سرکارﷺکے غم میں
روتی ہوئی وہ آنکھ مجھے میرے خدا دے

ایمان پہ دے موت مدینے کی گلی میں
مدفن مرا محبوب ﷺکے قدموں میں بنا دے

ہو بہرِ ضیاء نظر کرم سوئے گنہگار
جنت میں پڑوسی مجھے آقا ﷺکا بنادے

دیتا ہوں تجھے واسطہ میں پیارے نبی ﷺکا
اُمت کو خدایا رَہِ سنت پہ چلادے

عطار سے محبوب ﷺکی سنت کی لے خدمت
ڈنکا یہ ترے دین کا دُنیا میں بجادے

اللہ !ملے حج کی اسی سال سعادت
عطار کو پھر روضۂ محبوب ﷺ دکھادے


Warning: Use of undefined constant php - assumed 'php' (this will throw an Error in a future version of PHP) in /home/kalamdb/public_html/wp-content/themes/bulletin/urdu-single.php on line 46