کیا حمد کر سکے گی میری زبان تیری

ساری نشانیاں ہیں اے بے نشان تیری

عقل وشعور تک کی ہوتی نہیں رسائی

کیا ذات پاسکیں گے وہم وگمان تیری

کون و مکاں کی ہر شے لبّیک کہہ رہی ہے

ہر سمت گونجتی ہے پیہم اذان تیری

جو شے ہے صرف تیری اے خالقِ دو عالم

ہر ایک جسم تیرا ہر ایک جان تیری

ہے تیری کبریائی ثابت بہر قرینہ

باطن ہے شان تیری ظاہر ہے شان تیری

تیری ربوبیت کی آغوش ہے کشادہ

ہر امن کی امیں ہے بےشک امان تیری

خالد کو بندگی کا اِخلاص تو نے بخشا

چاہی ہے اِستِعانت اے مستعان تیری

شاعر :خالد محمود نقشبندی

No comments yet

نام ربِ انام ہے تیرا
ہر جگہ فیض عام ہے تیرا
 
لامکانی ہے تیرا وصف مگر
قلبِ مومن مقام ہے تیرا
 
تو ہی خالق ہے تو ہی مالک ہے
جو بھی کچھ ہے تمام ہے تیرا
 
تیری مرضی کبھی نہیں ٹلتی
کتنا کامل نظام ہے تیرا
 
جو ہے مشکل کشا بہر عالم
میرے مولا وہ نام ہے تیرا
 
تجربوں نے یہی بتایا ہے
مہربانی ہی کام ہے تیرا
 
لبِ خالد کی جاگ اُٹھی قسمت
تذکرہ صبح و شام ہے تیرا
شاعر :خالد محمود نقشبندی

No comments yet

ہم کو اپنی طلب سے سوا چاہیے
آپ جیسے ہیں ویسی عطا چاہیے

کیوں کہوں یہ عطا وہ عطا چاہیے؟
ان کو معلوم ہے ہم کو کیا چاہیے

اِک قدم بھی نہ ہم چل سکیں گے حضور !
ہر قدم پر کرم آپ کا چاہیے

عشق میں آپ کے ہم تڑپتے تو ہیں
ہر تڑپ میں بِاللی ادا چاہیے

اور کوئی بھی اپنی تمنا نہیں
ان کے پیاروں کی پیاری ادا چاہیے

اپنے قدموں کا دُھوَن عطا کیجئے
ہم مریضوں کو آبِ شفا چاہیے

در دِ جامی ملے، نعت خاؔلد لکھوں
اور اندازِ احمد رضا چاہیے

شاعر :خالد محمود نقشبندی

No comments yet